سیدہ خدیجہ الکبری رضی اللہ عنہا
سیدہ خدیجہ الکبری رضی اللہ عنہا 10 رمضان المبارک، اعلان نبوت کے دسویں سال ہجرت مدینہ سے تین سال قبل پچیس سال نبی کریم کی رفاقت میں رہنے کے بعد اس دار فانی سے دار باقی کی طرف انتقال فرما گئیں
انا للہ وانا الیہ راجعون۔
پیغمبر اسلام کے لئے بے دریغ قربانیاں دینے والی پہلی مومن خاتون، ام المومنین، رازدان مصطفٰی، جان وفا، حق آشنا وہ عظیم ہستی جن کو پیارے آقا کریم صل اللہ علیہ والہ وسلم سے قرب مکانی، قرب زمانی اور قرب وجود نوری بھی حاصل تھا۔
ایمان لانے میں سب سے سبقت لے جانے اور ہر مرحلہ پر پیارے آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کرتے رہنے کا صلہ بارگاہ الہی سے سیدنا ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبری رضی اللہ عنہا کو یہ ملا کہ اللہ کریم نے حضرت جبرائیل کو پیارے آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پاس بھیجا جب پیارے آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم غار حرا میں تشریف فرماتھے انہوں نے آکر عرض کی۔
یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنے رب کی طرف سے اور میری طرف سے سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو سلام پہنچائیے اور انہیں خوشخبری دیجئے کہ اللہ تعالٰی نے ان کے لئے جنت میں موتیوں کا بنا ہوا محل مخصوص کیا ہے جس میں کوئی شور نہیں ہوگا اور نا کوئی کوفت ۔
سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا اللہ تعالٰی ہی سلام ہے ساری سلامتیاں اسی سے ہیں جبرائیل پر سلام ہو اور یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم آپ پر سلام ہو اللہ کریم کی رحمتیں اور برکتیں ہوں ۔اس جواب میں بارگاہ الہی کے آداب کا جس طرح خیال رکھا گیا ہے اس سے آپ راضی اللہ عنہا کی عقلمندی اور دانش مندی کا پتہ چلتا ہے۔
اتنی محبوب ہستی ہیں جن کے
وصال پاک پر پیارے آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اس سال کو عام الحزن قرار دے دیا ۔جب سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے وصال کا وقت قریب آیا تو انہوں نے آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے عرض کیا یا رسول اللہ! کچھ دیر میرے سامنے تشریف فرما ہوں اب قاصد اجل آنے والا ہے اور میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ قیامت کے دن بھی مجھے اپنے ساتھ رکھیں آپ اللہ کریم سے میری سفارش فرمائیں اور اگر خدمت میں کوئی کمی کوتاہی ہو گئ ہو تو مجھے معاف فرمائیں۔ پھر آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہاتھوں میں اپنی جان اپنے رب کو سونپ دی ۔
اللہ کریم سےالتجا ہے کہ اللہ کریم ہمارے والدین اور تمام مسلمانوں کے والدین کو دونوں جہان میں خاتون جنت سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی غلامی نصیب فرمائیں۔
آمین یارب العالمین
آمین یارب رحمت اللعالمین ۔
اللھم صل علی سیدنا ومولانا محمد وعلی آلہ وصحبہ وبارک وسلم۔
ترتیب۔
سعدیہ حامد


Comments
Post a Comment